مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کے قیام کے لیے مددگار ثابت ہو گا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان امن معاہدے کے بعد پہلی بار ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جو تقریباً 30 منٹ تک جاری رہا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر، ایرانی قیادت اور عوام کو معاہدے کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس معاہدے سے پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیراعظم نے ایران کی اعلیٰ قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان بطور دوست اور ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
دوسری جانب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے ثالثی کے عمل میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا، جسے ایران قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایرانی صدر نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے جاری رکھنے اور مستقبل قریب میں ایک دوسرے کے ممالک کے دوروں کے امکانات پر بھی اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔