ننکانہ صاحب میں 9 سالہ بچی مبینہ اغوا کے بعد قتل، لاش گڑھے سے برآمد
تھانہ واربرٹن کی حدود میں واقع گاؤں عالیانوالا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 9 سالہ بچی رفعت فاطمہ کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔ بچی کی لاش اس کے گھر کے قریب موجود ایک گڑھے سے برآمد ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مقتولہ کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کرائم سین یونٹ اور پنجاب فرانزک سائنس ٹیم نے جائے وقوعہ سے مختلف شواہد جمع کرلیے ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ دار افراد کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان تک پہنچنے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ پولیس متاثرہ خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔