نارووال میں لڑکی مبینہ ہراسانی سے بچنے کی کوشش میں بس تلے آکر جاں بحق
نارووال میں ایک افسوسناک حادثے میں ایک لڑکی بس کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کو مبینہ طور پر دو نوجوانوں کی جانب سے لڑکی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش سے جوڑا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی ایک گاڑی میں موجود تھی کہ محلے کے دو نوجوانوں نے مبینہ طور پر اس کا تعاقب شروع کردیا اور اسے زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق لڑکی نے خود کو بچانے کے لیے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران وہ بے قابو ہوکر ایک بس کے نیچے آگئی، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد دونوں مبینہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ اصل صورتحال اور ذمہ دار افراد کا تعین ہوسکے۔