ڈیفنس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں کمی، ستمبر کے نئے ریٹس جاری

وفاقی حکومت نے قومی بچت کی دو اہم اسکیموں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں کمی کرتے ہوئے ستمبر 2026 کے لیے نئی شرحیں جاری کردی ہیں۔

نئے ریٹس کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی مدت 10 سال برقرار رکھی گئی ہے۔ ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر 10 سال مکمل ہونے کے بعد میچورٹی کی رقم 3 لاکھ روپے ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر پہلے سال رقم بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار روپے، دوسرے سال ایک لاکھ 21 ہزار روپے، تیسرے سال ایک لاکھ 33 ہزار روپے، چوتھے سال ایک لاکھ 47 ہزار روپے جبکہ پانچویں سال ایک لاکھ 63 ہزار روپے ہوجائے گی۔

چھٹے سال ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی مالیت ایک لاکھ 82 ہزار روپے، ساتویں سال 2 لاکھ 4 ہزار روپے، آٹھویں سال 2 لاکھ 30 ہزار روپے اور نویں سال 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ جائے گی، جبکہ 10 سال مکمل ہونے پر سرمایہ کاری کی رقم 3 لاکھ روپے ہوجائے گی۔

دوسری جانب بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی کمی کردی گئی ہے۔ نئی شرح کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ ایک ہزار 50 روپے منافع حاصل ہوگا، جو سالانہ 12.60 فیصد کے برابر بنتا ہے۔

بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس بنیادی طور پر بیواؤں، بزرگ شہریوں اور دیگر اہل افراد کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے تھے تاکہ انہیں باقاعدہ آمدنی کا ذریعہ فراہم کیا جاسکے۔