این سی سی آئی اے کے نام اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی تجویز
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے لیے مختلف تجاویز سامنے آگئی ہیں، جن میں ادارے کا نام تبدیل کرکے ’سائبر پولیس‘ رکھنے اور ملک کے ہر ضلع میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت موجودہ این سی سی آئی اے دفاتر کو سائبر پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے لیے پولیس اور سائبر پولیس کے درمیان مشترکہ نظام تشکیل دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
تجویز کے مطابق ہر ضلع میں قائم ہونے والے سائبر پولیس اسٹیشن کی سربراہی موجودہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے بجائے ایس ایچ او کرے گا۔ بڑے اضلاع میں سائبر پولیس اسٹیشنز پر ایس پی یا ڈی ایس پی رینک کے افسران تعینات کیے جانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹے اضلاع میں سائبر پولیس اسٹیشن کی نگرانی ڈی ایس پی رینک کے افسر کے سپرد کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ مقامی سطح پر سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کو مربوط بنایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی این سی سی آئی اے کی جانب سے ادارے کے نئے انتظامی ڈھانچے اور سائبر پولیس کے قیام سے متعلق تجاویز وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق این سی سی آئی اے کو سائبر پولیس میں تبدیل کرنے اور مجوزہ انتظامی نظام نافذ کرنے کا حتمی فیصلہ وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔