این سی سی آئی اے نے آن لائن ہراسگی اور بلیک میلنگ کے خلاف مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا
حکام کے مطابق لاہور میں ہارون قریشی نامی ملزم کو خواتین کو مبینہ طور پر مسلسل ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات پر حراست میں لیا گیا۔
فیصل آباد میں کارروائی کے دوران عبدالرحمان اور محمد ایاز کو گرفتار کیا گیا، جن پر الزام ہے کہ وہ ایک میاں بیوی کو قابلِ اعتراض مواد کے ذریعے بلیک میل کر کے رقم وصول کرتے رہے۔ حکام کے مطابق چھاپے کے دوران دو موبائل فون، واٹس ایپ نمبرز اور متعدد خواتین سے متعلق مبینہ قابلِ اعتراض مواد بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب ملتان میں فرہاد عباس نامی ملزم کو ایک خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور مبینہ طور پر بلیک میلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق تمام مقدمات میں حاصل کیے گئے ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ جاری ہے۔ ادارے نے شہریوں، بالخصوص خواتین، سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں آن لائن ہراسگی یا بلیک میلنگ کا سامنا ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔