این ڈی ایم اے نے دریاؤں اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ الرٹ جاری کردیا
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں دریاؤں، برساتی ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے متعدد علاقوں میں سیلاب کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔
ادارے کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیرآباد کے پلکھو نالہ میں بھی پانی کی سطح درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب کے مرالہ اور تریموں، دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی، جبکہ دریائے کابل کے نوشہرہ مقام پر بھی پانی کا بہاؤ نچلے درجے کے سیلاب کی سطح پر موجود ہے۔ اسی طرح نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم شدت کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ گھنٹوں میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ کے مقامات پر دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی بارشوں اور بڑھتے ہوئے پانی کے باعث نشیبی مقامات متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلاب آنے کا خطرہ برقرار ہے، جبکہ آئندہ دو روز کے دوران ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی طغیانی کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔