مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،این ڈی ایم اے
July 12, 2026
4:51 pm
ملک میں مون سون کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد مختلف شہروں میں تیز اور موسلا دھار بارشیں شروع ہو گئی ہیں، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کا رخ بدل دیا، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ گجرات کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ حافظ آباد، ڈسکہ اور وزیر آباد میں بارش کے بعد شہریوں نے ٹھنڈے موسم کا لطف اٹھایا۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
اتھارٹی کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔