بجلی مزید مہنگی، صارفین پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیپرا نے ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ بجلی کی قیمت بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے فی یونٹ نرخ میں 52 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق یہ اضافہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جس سے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت اضافی رقم صارفین سے ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی بلوں میں وصول کی جائے گی۔ اس دوران تین ماہ تک ہر ماہ فی یونٹ 52 پیسے اضافی چارج کیے جائیں گے۔
نیپرا کے فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمت میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اس سے قبل 4 ستمبر کو نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخ میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافے کا اعلان کیا تھا۔