نیو میکسیکو میں ڈیم ٹوٹنے کا خدشہ، شہریوں کو انخلا کی وارننگ جاری

امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ڈونا آنا کاؤنٹی میں ڈیم کو ممکنہ نقصان کے خطرے کے پیش نظر حکام نے مقامی آبادی کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کردی۔

رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان پولو سے پیدا ہونے والی شدید بارشوں کے باعث امریکا کی جنوبی ریاستوں میں سیلابی صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ مسلسل بارش اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں میک لیوڈ ڈیم پر پانی کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق ڈیم کے اطراف سے پانی کا بہاؤ شروع ہوگیا ہے، جبکہ سیلابی پانی کے باعث علاقے کی اہم شاہراہیں بھی زیر آب آگئی ہیں۔

انتظامیہ نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔