پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آ گئی ہیں، اس بار وجہ ان کا خود کو ملینیل نسل سے تعلق ظاہر کرنا بنی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ندا یاسر نے اپنے حالیہ پروگرام میں ملینیل (1981 سے 1996 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد) اور جنریشن زی (1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد) کے درمیان فرق پر ایک خصوصی شو پیش کیا۔
پروگرام کے دوران ندا یاسر نے خود کو ملینیل نسل کی نمائندہ قرار دیتے ہوئے اپنی نسل کے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا۔ اسی شو میں شریک اداکارہ عنبر خان نے بھی بار بار ندا یاسر کو ملینیل کہا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی۔
صارفین نے نشاندہی کی کہ ملینیل نسل میں وہ افراد شامل ہوتے ہیں جن کی پیدائش 1981 سے 1996 کے درمیان ہوئی ہو، جبکہ ندا یاسر اور عنبر خان کی عمر اور کیریئر کے تناظر میں ان کا تعلق زیادہ تر جنریشن ایکس سے جوڑا جا رہا ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ملینیلز اس وقت تقریباً 30 سے 45 سال کی عمر کے ہیں، اس لیے ندا یاسر اور عنبر خان کا تعلق اس نسل سے نہیں بلکہ غالباً جنریشن ایکس سے بنتا ہے، جبکہ ان کی بیٹیاں ملینیل نسل کا حصہ ہو سکتی ہیں۔
کئی صارفین نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بچپن میں ندا یاسر کے ڈرامے دیکھتے رہے ہیں، اس لیے ان کا اور ندا یاسر کا ایک ہی نسل سے ہونا ممکن نظر نہیں آتا۔