پاکستان اور بنگلادیش نے منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط

پاکستان اور بنگلادیش نے منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں ممالک نے داخلی سلامتی، سول آرمڈ فورسز کی تربیت اور دیگر سکیورٹی امور میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ڈھاکا میں بنگلادیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں محسن نقوی نے بنگلادیش کو سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں روابط کو مؤثر بنانے کے لیے سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ نے اپنے بنگلادیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

علاوہ ازیں محسن نقوی نے بنگلادیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، کھیل، ثقافت، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت جیسے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوامی سطح پر روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔