پاکستان میں غیر مؤثر یا ختم شدہ ویزا پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزارتِ داخلہ نے پاکستان میں غیر مؤثر یا ختم شدہ ویزا پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 10 جولائی 2026 سے ایسے افغان شہری جو درست اور قابلِ عمل ویزا کے بغیر ملک میں موجود ہوں گے، ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ کو باقاعدہ مراسلے ارسال کر دیے گئے ہیں۔ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی شناخت، گرفتاری اور وطن واپسی کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے۔
وزارتِ داخلہ نے متعلقہ اداروں کو یہ بھی پابند کیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارروائیوں کی تفصیلات اور گرفتار افراد کا مکمل ریکارڈ مرکزی حکام کو فراہم کریں تاکہ پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
سرکاری ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی قیام کے خلاف مربوط مہم کا آغاز 10 جولائی 2026 سے کیا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔