پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدے
پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو مالیت کے مختلف معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں، جن کے تحت ملک میں تین اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ معاہدوں کے تحت توانائی اور ماحولیاتی استحکام سے متعلق اقدامات کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ گلوبل گیٹ وے پروگرام کے ذریعے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
منصوبوں کے تحت ٹیکس نظام میں بہتری اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کے عمل کو مضبوط کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ صوبے کے توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
معاہدوں کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل تنازعات کے حل اور تجارتی مقدمات سے متعلق نظام کو مزید مؤثر بنانے پر کام کیا جائے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق ان پروگراموں سے یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔ سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے مطابقت رکھتے ہیں اور ان کے نتیجے میں دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی اور تجارتی تنازعات کے حل میں بہتری آئے گی۔
معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے۔ اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں تعاون کے یورپی یونین کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔