ہاکی ورلڈ کپ سے قبل عماد شکیل بٹ کی جگہ ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ کی جگہ ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق کپتان عماد شکیل بٹ بطور سینئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے اور اپنی ذمہ داریاں بدستور نبھاتے رہیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی قیادت، تجربہ کار کھلاڑیوں کی رہنمائی اور نوجوانوں کے جذبے کا امتزاج قومی ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
نئے کپتان ابوبکر پہلی مرتبہ 30 جولائی سے جنوبی کوریا کے خلاف شروع ہونے والی ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ 15 اگست سے شروع ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں بھی وہ قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔
دوسری جانب سابق کپتان عماد شکیل بٹ نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے ہمیشہ سب سے بڑا اعزاز رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتانی ایک ذمہ داری ہے جو تبدیل ہو سکتی ہے، لیکن ملک کے لیے ان کا جذبہ اور وابستگی ہمیشہ برقرار رہے گی۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو کوالیفائی کرانے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفاداری کسی عہدے سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے۔