پاکستان ہاکی فیڈریشن نےورلڈ کپ اسکواڈ کے حتمی انتخاب کی ذمہ داری غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو سونپ دی
July 14, 2026
3:51 pm
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیشِ نظر قومی ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ فیڈریشن نے ورلڈ کپ اسکواڈ کے حتمی انتخاب کی ذمہ داری غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو سونپ دی ہے۔
فیڈریشن حکام کے مطابق ٹیم کے انتخاب میں کھلاڑیوں کی فٹنس کو بنیادی معیار بنایا جائے گا اور اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچز تمام ممکنہ کھلاڑیوں کے تفصیلی فٹنس ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد ایک جامع رپورٹ تیار کریں گے، جس کی روشنی میں ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ قومی ٹیم میں صرف انہی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جو مکمل طور پر فٹ ہوں اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہوں۔
اس وقت اسلام آباد میں قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے، جہاں غیر ملکی کوچز روزانہ دو مختلف سیشنز میں کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، استعداد اور مجموعی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔