پاکستان ہاکی ٹیم نے 16 سال بعد ورلڈکپ میچ جیت لیا، جاپان کو 4-3 سے شکست
پاکستان ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ 2026 میں جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔ یہ ورلڈکپ کے بڑے مقابلوں میں پاکستان کی 16 سال بعد پہلی فتح ہے۔
نیدرلینڈز میں جاری ٹورنامنٹ کے نویں سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان نے ایک موقع پر دو گول کے خسارے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کیا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے دو گول اسکور کیے جبکہ حماد الدین اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول کیا۔ انجری کے باعث ابوبکر میدان میں قیادت نہ کرسکے، اس لیے معین شکیل نے ٹیم کی کپتانی کی۔
یہ کامیابی پاکستان کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ قومی ٹیم نے 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ہاکی ورلڈکپ میں کوئی میچ جیتا ہے۔ 2026 کے عالمی کپ میں شرکت سے قبل پاکستان آٹھ سال تک اس ٹورنامنٹ سے باہر رہا تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے آخری مرتبہ 2010 کے ورلڈکپ میں اسپین کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد 2014 کے ایونٹ کے لیے قومی ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی، جبکہ 2018 میں بھی کوئی میچ جیتنے میں ناکام رہی اور 2023 کے ورلڈکپ میں شرکت نہ کرسکی۔
موجودہ ورلڈکپ میں پاکستان پہلے راؤنڈ کے تین میچز میں کامیابی حاصل نہیں کرسکا اور اگلے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا، تاہم جاپان کے خلاف کلاسیفکیشن میچ میں کامیابی نے ٹیم کو ٹورنامنٹ میں ایک اہم فتح دلا دی۔