ویمنز جونیئر ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 19-0 سے شکست دے دی
چین کے شہر موگی میں جاری ویمنز ہاکی جونیئر ایشیا کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ٹم وائٹ کی زیرِ کوچنگ بھارتی ٹیم نے میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی پاکستان کے خلاف دباؤ برقرار رکھا۔ بھارت کی جانب سے پوجا ساہو نے ساتویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔
بھارتی ٹیم نے پہلے ہاف کے اختتام تک 10 گول کیے، جبکہ دوسرے ہاف میں مزید 9 گول اسکور کرکے مجموعی برتری 19 گول تک پہنچا دی۔
بھارت کی جانب سے پوجا ملک نے تین گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اس کے علاوہ روشنی ایند، سانیکا چندرکانت مانے، مدھو سدار اور سپریا نے دو، دو گول اسکور کیے۔
پاکستانی ٹیم کو بھارتی حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا اور وہ میچ کے دوران کوئی گول نہ کرسکی۔
کوارٹر فائنل میں کامیابی کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھارت نے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کی کوشش جاری رکھی ہے۔
بھارتی ویمنز ٹیم اس سے قبل 2023 اور 2024 میں بھی ویمنز جونیئر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔