اولمپیڈ سمرقند میں پاکستان کا اسرائیل کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ

ازبکستان میں جاری اولمپیڈ سمرقند 2026 میں پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شیڈول شطرنج کا میچ کھیلنے سے گریز کیا ہے۔

پاکستان اور اسرائیل کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ آج ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہونا تھا، تاہم پاکستانی ٹیم نے میچ میں شرکت نہیں کی۔

صدر چیس فیڈریشن پاکستان ذیشان علی نقوی کے مطابق اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی واضح ہے، اس لیے حکومتی پالیسی کے برخلاف اسرائیلی ٹیم کے ساتھ مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

ذیشان علی نقوی نے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسرائیل کے خلاف مقررہ میچ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

اولمپیڈ سمرقند 2026 کی میزبانی ازبکستان کررہا ہے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 203 ممالک کی ٹیموں کی شرکت ہے۔