پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نے نئے مالی سال کے آغاز پر بھی مضبوط کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں آئی ٹی برآمدات 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر تقریباً 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ماہانہ بنیاد پر بھی تقریباً 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
مرکزی بینک کے مطابق شعبہ آئی ٹی نے مسلسل مضبوط کارکردگی دکھائی اور ماہانہ برآمدات کا حجم 40 کروڑ ڈالر سے زائد رکھنے کا رجحان برقرار رہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہ رفتار جاری رہی تو رواں مالی سال پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 5 ارب ڈالر کی سطح عبور کرسکتی ہیں۔ گزشتہ مالی سال بھی آئی ٹی شعبے نے تقریباً 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ برآمدات کی تھیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 میں فری لانسرز کی جانب سے بھی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں حصہ ڈالا گیا، جس سے ملک کی ڈیجیٹل سروسز اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت سامنے آتی ہے۔