پاکستان کی افغان صوبے پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں کارروائی، 25 دہشتگرد ہلاک

ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی پٹی میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج سے منسلک دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 29 دہشت گرد مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ 28 جون کو ضلع باجوڑ میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں اہم دہشت گرد کمانڈر خان فروش عرف زبال سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ وزیر اطلاعات کے مطابق مارے جانے والے عناصر کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تھا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ افغان صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں بھی دہشت گردوں کے مبینہ مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 25 دہشت گرد مارے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مقامات پر موجود بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی تباہ کر دیا گیا، جس سے دہشت گردوں کی آپریشنل صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔