دسمبر 2025 تک پاکستان کا مجموعی قرضہ 81 ہزار 374 ارب روپے
وزارت خزانہ نے سینیٹ کو ملک کے مجموعی قرضوں اور ان پر ادا کیے گئے سود سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔ حکام کے مطابق دسمبر 2025 تک پاکستان کا مجموعی قرضہ 81 ہزار 374 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔
سینیٹ اجلاس، جس کی صدارت پریزائیڈنگ افسر منظور کاکڑ نے کی، میں وزارت خزانہ کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت پر اندرونی قرضوں کا حجم 55 ہزار 363 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضہ 23 ہزار 166 ارب روپے ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے 2 ہزار 845 ارب روپے کا قرض بھی حاصل کیا ہے۔
حکام کے مطابق 2021 سے مالی سال 2026 تک حکومت نے مختلف قرضوں پر مجموعی طور پر 32 ہزار 239 ارب روپے سود ادا کیا۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے کے دوران حکومت نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 2 ہزار 780 ارب روپے کے قرضے واپس کیے۔
سینیٹ میں پیش کی گئی تفصیلات میں ملکی اور غیر ملکی قرضوں کے حجم کے ساتھ ان کی ادائیگی اور سود کی مد میں ہونے والے اخراجات کی بھی وضاحت کی گئی۔