انٹربینک میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی اضافہ، ڈالر 277.37 روپے پر بند
پاکستانی روپے نے انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی معمولی بہتری کا سلسلہ برقرار رکھا اور کاروباری دن کے اختتام پر 0.01 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
انٹربینک تجارت کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ 277.37 روپے کی سطح پر رہا، جو گزشتہ کاروباری روز کے مقابلے میں 3 پیسے زیادہ ہے۔ پیر کو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 277.40 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
عالمی کرنسی مارکیٹ میں جاپانی ین نے بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں سات ماہ کی نئی بلند سطح حاصل کرلی۔ منگل کی ابتدائی تجارت کے دوران ین 153.53 فی ڈالر تک مضبوط ہوا، جو رواں سال جولائی میں جاپانی مداخلت کے دوران دیکھی گئی سطح سے بھی اوپر ہے۔ یہ فروری کے بعد ین کی مضبوط ترین سطح بتائی گئی ہے۔
ین کی قدر میں اضافے کے اثرات ڈالر انڈیکس پر بھی پڑے، جو مختلف بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈالر انڈیکس معمولی کمی کے بعد 98.83 پر ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری اہم کرنسیوں میں یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں 0.06 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یورو 1.1628 ڈالر جبکہ پاؤنڈ 1.3549 ڈالر کی سطح پر رہا۔
ادھر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 0630 جی ایم ٹی تک 1.25 ڈالر یعنی 1.3 فیصد بڑھ کر 98.25 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ کی قیمت میں 2.22 ڈالر یعنی 2.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 93.70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔