ایشین گیمز میں تین پاکستانی بہنوں کی ایک ساتھ نمائندگی
اسکواش کے میدان میں پاکستان کے لیے ایک منفرد اعزاز سامنے آیا ہے، جہاں مہوش علی، سحرش علی اور ماہ نور علی تینوں بہنیں آئندہ ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گی۔
تینوں بہنیں ایک ہی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر خوشی اور جوش کا اظہار کررہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی بار ایشین گیمز میں ایک ساتھ ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر اور یادگار موقع ہے۔
اسکواش سسٹرز کے مطابق وہ کھیل کی تیاری کے دوران ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتی ہیں اور اکثر ساتھ ہی پریکٹس بھی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس باہمی تعاون کا انہیں کھیل کے دوران بھی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
تینوں بہنوں نے کہا کہ ایشین گیمز جیسے بڑے مقابلے میں شرکت سے انہیں اعلیٰ سطح کے کھیل کا تجربہ حاصل ہوگا، جو مستقبل میں ان کی کارکردگی بہتر بنانے اور اپنے کھیل کو مزید آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔