پاکپتن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام
پاکپتن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے 19 ایس پی چوک پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی مبینہ منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی فتنہ الخوارج سے مبینہ طور پر وابستہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت عبدالرحیم کے نام سے ہوئی ہے، جو پشاور کے یونیورسٹی روڈ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم 19 ایس پی چوک میں بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد لے کر موجود تھا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے 2 کلوگرام سے زائد بارودی مواد، 3 آئی ای ڈی بیٹریاں، پرائما کارڈز اور فیوز سرکٹ برآمد کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے برآمد شدہ بارودی مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد شہر میں تخریبی کارروائیاں کرکے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔