پیرس میں کبوتر بازی کے چار مقابلے، پاکستانی شائقین کی بھرپور شرکت
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پیجن فلائنگ کلب کے زیرِ اہتمام کبوتر بازی کے چار فلائنگ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں کبوتر پالنے کے شوقین افراد اور شائقین نے شرکت کی۔
مقابلوں کے دوران 10 سے زائد چھتوں سے کبوتروں کو پرواز کے لیے فضا میں چھوڑا گیا۔ بہترین پرواز اور کارکردگی دکھانے والے کبوتروں کے مالکان کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
پہلے ٹورنامنٹ میں چوہدری شمشاد آف بھاؤ اور ناصر کے کبوتروں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ میاں ساجد گورسی کے کبوتر بھی پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
دوسرے مقابلے میں احسان اور شہبان کے کبوتروں نے بہترین پرواز کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ تیسرے اور چوتھے ٹورنامنٹس میں ریحان کے کبوتروں نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور دونوں مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کبوتر بازوں میں کپ اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر مقررین نے کبوتر بازی کو قدیم اور دلچسپ مشغلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شوق پاکستان کے علاوہ فرانس سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں بھی مقبول ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اپنی ثقافتی روایات اور دیرینہ شوق برقرار رکھنے اور انہیں یورپ میں فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔