پنشنرز کے لیے نئے قواعد، پنشن کی ادائیگی ڈیجیٹل تصدیق سے مشروط
وزارتِ خزانہ نے پنشنرز کے حوالے سے نئے قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت آئندہ پنشن کی ادائیگی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی۔
نئے طریقہ کار کے مطابق ہر پنشنر کو چھ ماہ کے وقفے سے نادرا کے ذریعے اپنی شناخت کی ڈیجیٹل تصدیق کرانا ہوگی۔ یہ عمل نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا متعلقہ نادرا مراکز سے مکمل کیا جاسکے گا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق پنشن کی تصدیق کے لیے استعمال ہونے والا روایتی کاغذی نظام ختم کردیا گیا ہے، جبکہ پنشن کی رقم براہِ راست متعلقہ پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔
نئے قواعد کے تحت مارچ اور ستمبر میں تصدیق کرانے سے متعلق پرانا مقررہ شیڈول بھی ختم کردیا گیا ہے۔ اب ہر پنشنر کے لیے چھ ماہ کے اندر ایک مرتبہ ڈیجیٹل تصدیق مکمل کرنا ضروری ہوگا۔
دستاویز کے مطابق بینکوں کو پنشنرز سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی اور پنشن اکاؤنٹ کو صرف تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر ڈورمنٹ نہیں کیا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق پنشنر کا اکاؤنٹ بند نہیں ہوگا اور جیسے ہی مطلوبہ تصدیق مکمل ہوگی، رکی ہوئی پنشن کی رقم منتقل کردی جائے گی۔ تاہم چھ ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق نہ ہونے کی صورت میں پنشن کی ادائیگی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔