امریکی وزیرِ دفاع نے پینٹاگون کے چیف پلانر کو عہدے سے ہٹا دیا

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں اہم دفاعی منصوبہ بندی کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

امریکی اخبارات دی اٹلانٹک اور دی ہِل کی بدھ کو شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق بریٹ سلویا کو ہٹانے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں کی گئیں۔ حکام کی جانب سے ان کی جگہ کسی نئے افسر کی تعیناتی کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔

بریٹ سلویا جوائنٹ اسٹاف کے اسٹریٹجی، پلانز اینڈ پالیسی ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ فوجی ڈھانچے میں اس شعبے کو جے فائیو (J-5) کہا جاتا ہے اور یہ دفاعی حکمت عملی اور فوجی منصوبہ بندی سے متعلق امور دیکھتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم، بریٹ سلویا کی برطرفی اور ایران سے متعلق ممکنہ فوجی منصوبہ بندی کے درمیان کسی براہِ راست تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔