شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ، خون کا حساب لیا جائے گا:وزیر اعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع زیارت میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے دو ایس ایچ اوز سمیت تمام پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کلیئرنس آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے، جو سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس حملے سے ایک بار پھر واضح ہو گیا ہے کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا مکمل حساب لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔