وزیر اعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر حادثہ میں 14 سعودی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور سعودی قیادت سے تعزیت کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ راس تنورہ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، متاثرہ خاندانوں اور سعودی عوام کے لیے تعزیتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز راس تنورہ کے علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
سعودی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر سعودی آئل کمپنی ارامکو کی ملکیت تھا۔ واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائیاں مکمل کی گئیں۔
متعلقہ تحقیقاتی اداروں نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ابتدائی معلومات اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔