وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابط

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفون پر اہم گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں طے پانے والے امن معاہدے پر سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور امن و استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے مثبت کردار نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم مدد فراہم کی۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی وزیراعظم کو اس اہم پیش رفت پر مبارکباد دی اور پاکستان کی قیادت، خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے آئندہ مراحل کی کامیابی خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ امن عمل کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی پر گہری نظر رکھی جائے گی۔ بات چیت میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ جامع اقتصادی تعاون پیکیج پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ اہم اقتصادی منصوبہ سعودی ولی عہد کی رہنمائی میں جلد حتمی شکل اختیار کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے اختتام پر محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت ایک بار پھر دہرائی اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں بھی قریبی رابطوں اور مشاورت کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔