فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافہ
پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے روزانہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کا اطلاق آئندہ پولیو مہم سے ہوگا۔
دنیا نیوز کے مطابق قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز کے ساتھ ہونے والے لسننگ سیشنز میں ان کی تجاویز اور مسائل سننے کے بعد یومیہ معاوضہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
نئے فیصلے کے تحت اضافی معاوضہ آئندہ شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران نافذ العمل ہوگا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو ورکرز کے معاوضے میں اضافہ ان کی انتھک محنت، عزم اور خدمات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق فرنٹ لائن ورکرز ملک کو پولیو سے پاک کرنے کی قومی کوششوں میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔
عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ آئندہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں چلائی جائے گی۔
ان کے مطابق مہم کے دوران ملک بھر میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔