وسطی پرتگال کے جنگلات میں خوفناک آگ، 6 افراد زخمی

وسطی پرتگال میں جنگلات میں بھڑکنے والی شدید آگ تیز ہواؤں اور خشک موسم کے باعث مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقے اس کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ووژیلا کے قریب آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس سے امدادی کارروائیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اب تک اس واقعے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ویزیو ضلع میں تقریباً 2,400 ہیکٹر جنگلات جل کر تباہ ہو گئے ہیں۔

صورتحال کے پیشِ نظر قریبی دیہات کے بعض حصوں سے مکینوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

آگ پر قابو پانے کے لیے ایک ہزار سے زائد فائر فائٹرز، 288 امدادی گاڑیاں اور 8 فضائی طیارے مسلسل مصروفِ عمل ہیں، تاہم شدید گرمی، خشک ماحول اور تیز رفتار ہوائیں آگ بجھانے کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔