شہزادہ ہیری کی 1.1 ملین پاؤنڈ کی عطیہ رقم کے حوالے سے نیا انکشاف

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری نے گزشتہ برس ناٹنگھم کے دورے کے دوران بی بی سی چلڈرن اِن نیڈ کے لیے 1.1 ملین پاؤنڈ کی خطیر رقم فراہم کی تھی۔ اس وقت ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ رقم انہوں نے اپنی ذاتی دولت سے عطیہ کی ہے۔

تاہم حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ فنڈز براہِ راست شہزادہ ہیری کی ذاتی آمدنی سے نہیں آئے تھے بلکہ ان کا تعلق گلین بیگ فاؤنڈیشن سے تھا، جو مرحوم شہزادی ڈیانا کی فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ مالی وسائل کا انتظام کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عطیہ کی گئی رقم نہ تو شہزادہ ہیری کے کاروباری معاہدوں سے حاصل شدہ آمدنی کا حصہ تھی اور نہ ہی ان کی معروف کتاب “اسپیئر” کی فروخت سے حاصل ہونے والے منافع سے فراہم کی گئی، بلکہ یہ فنڈز شہزادی ڈیانا کے خیراتی مشن سے جڑے مالی ذخائر سے لیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گلین بیگ فاؤنڈیشن کا قیام 1999 میں عمل میں آیا تھا، جو شہزادی ڈیانا کی وفات کے دو سال بعد وجود میں آئی۔ اس ادارے کے ابتدائی فنڈز پرنسز آف ویلز چیریٹیز ٹرسٹ سے منتقل کیے گئے تھے، جس کی بنیاد شہزادی ڈیانا نے 1981 میں اپنی شادی کے بعد رکھی تھی۔