بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے پی ٹی اے اور گوگل میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
بچوں کو انٹرنیٹ پر محفوظ ماحول فراہم کرنے اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل استعمال کو فروغ دینے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔
معاہدے کے تحت بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی، تعلیم اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں والدین اور اساتذہ کو بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے عملی رہنمائی، ضروری ٹولز اور مفید وسائل فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق بچوں، والدین اور تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل خواندگی بڑھانا اس تعاون کا اہم حصہ ہوگا۔ اس مقصد کے لیے انگریزی، اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں آگاہی مواد تیار کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں شعور اجاگر کرنے کی مہم بھی چلائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کے لیے محفوظ آن لائن ماحول یقینی بنانے کے لیے سرکاری اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان اشتراک ضروری ہے۔ پی ٹی اے نے بچوں اور ان کے خاندانوں کو آن لائن خطرات سے آگاہ کرنے اور محفوظ انٹرنیٹ استعمال کی عادات کو فروغ دینے کو ترجیح قرار دیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گوگل نے پاکستان میں اپنا مقامی دفتر بھی قائم کردیا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے ملک میں ابتدائی رجسٹریشن کے تقریباً چار برس بعد اپنے مقامی دفتر کا افتتاح کیا، جسے پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں اور روابط کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔