موبائل سروسز کا معیار جانچنے کے لیے پی ٹی اے کا مختلف شہروں میں معائنہ شروع
موبائل انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیلڈ میں نگرانی کا عمل شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کے افسران نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ اور وائس سروسز کی کارکردگی کا جائزہ لینا شروع کیا ہے۔ اس دوران مختلف موبائل کمپنیوں کی سروس کوالٹی کے ساتھ متعلقہ ٹاورز کی فعالیت بھی چیک کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی اے نے افسران کو موبائل سروسز کے معیار کی براہِ راست نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی صورتحال کا عملی جائزہ لیا جاسکے۔
ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تمام موبائل آپریٹرز کی سروسز کا معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی موبائل سروسز کے معیار کی جانچ کی جائے گی۔
موبائل سروسز کی کوالٹی کے ساتھ ساتھ فائیو جی نیٹ ورک کے رول آؤٹ پر ہونے والی پیش رفت بھی نگرانی کے عمل کا حصہ ہوگی۔