پی ٹی آئی قیادت کا کے پی کے کے ناراض اراکین کے حوالے سے سخت فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ناراض اراکین کے ساتھ جاری رابطوں اور مذاکرات کے طریقہ کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں ہدایت کی گئی ہے کہ پارلیمانی اور سیاسی رابطہ کمیٹیاں ان اراکین سے رابطہ نہ کریں جو پارٹی یا حکومتی امور سے متعلق تحفظات میڈیا کے ذریعے سامنے لاتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی جن کا مقصد پارٹی پر دباؤ بڑھانا یا تنظیمی نظم و ضبط کو متاثر کرنا ہو۔ تاہم جن اراکین کو کسی قسم کے مسائل یا شکایات درپیش ہیں، ان کے مؤقف کو سننے کے لیے پارٹی کے اندر مناسب فورمز موجود ہیں۔

پارٹی قیادت کے مطابق وہ ارکان جو اپنے تحفظات براہِ راست قیادت یا متعلقہ تنظیمی فورمز کے سامنے رکھیں گے، ان کے مسائل پر غور کیا جائے گا اور انہیں پارٹی کے مقررہ طریقہ کار کے تحت حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اعلامیے میں مزید واضح کیا گیا کہ اندرونی معاملات کو عوامی سطح پر لانے یا میڈیا بیانات کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی اختیار کرنے والے اراکین کی کسی بھی سطح پر حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔