پی ٹی آئی لانگ مارچ، وزیراعظم شہباز شریف کا اہم اجلاس طلب
پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر اہم حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ صوبے کے مستقبل سے متعلق مختلف ممکنہ اقدامات پر بھی مشاورت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سمیت دیگر آئینی آپشنز بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے۔
اس سے قبل بھی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال پر غور کیا گیا تھا، جس میں صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں وفاقی وزرا اور دیگر اہم ذمہ داران نے شرکت کی تھی، جبکہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے امن و امان کی صورتحال سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ اور پارٹی قیادت کے ساتھ مبینہ پسِ پردہ رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے معاملے پر وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف آئینی و انتظامی راستوں پر غور جاری ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔