پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان کے تناظر میں ایک قرارداد جمع
پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان کے تناظر میں ایک قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق استحکامِ پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما اور رکنِ پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے یہ قرارداد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی۔
قرارداد کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے، جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کو قومی مفاد کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ملک کے دفاع اور امن کے لیے نمایاں قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کے مطابق قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار وقت کی اہم ضرورت ہے۔