پنجاب حکومت کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا امکان
لاھور(پاک لینز).پنجاب کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان ہے
تفصیلات کے مطابق پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے، جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور بجٹ اعداد و شمار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن آج ایوان میں بجٹ پیش کریں گے۔ اس بجٹ میں صوبے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور مختلف نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک جامع حکمت عملی شامل کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی طرز پر پنجاب میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بجٹ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی شعبوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جانے کی توقع ہے۔
عوام کے لیے ریلیف کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اس بجٹ میں کسی نئے ٹیکس کے نفاذ کی تجویز شامل نہیں کی گئی، تاکہ مہنگائی کے موجودہ دباؤ میں عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ حکومت کا بنیادی فوکس ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر ہوگا۔