پنجاب میں الیکٹرک بس سروس کا دائرہ کار 147 تحصیلوں تک پھیلانے کا اعلان۔ عظمیٰ بخآری
July 4, 2026
12:56 pm
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے نے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے اس سروس کی مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع کے عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اپنے شہروں اور تحصیلوں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت جلد ہی یہ سہولت صوبے کی تمام 147 تحصیلوں تک مرحلہ وار توسیع دے گی۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر میں ایک ہزار ایک سو الیکٹرک بسیں عوام کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں، جن سے روزانہ لاکھوں مسافر کم خرچ، آرام دہ اور معیاری سفر سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین بس منصوبے کے ساتھ ساتھ گرین ٹریکٹرز اور الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے پروگرام پر بھی تیزی سے عمل جاری ہے، کیونکہ حکومت کسانوں اور نوجوانوں کی فلاح و ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دے رہی ہیں، جس کے باعث نوجوان طبقے میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارکردگی، شفاف طرزِ حکمرانی اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب دوسرے صوبوں کے مقابلے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔