پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ 19 جولائی سے شروع ہونے کی پیش گوئی
پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ 19 جولائی سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مختلف اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے باعث بڑے شہروں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ نالہ لئی، مری، گلیات اور دیگر برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں 20 سے 24 جولائی کے دوران بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، بجلی کے کھمبوں، نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والی جگہوں سے دور رہیں۔ آندھی یا گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔