پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے 20 سے 24 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا
July 19, 2026
5:05 pm
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے 20 سے 24 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے بلند درجے تک سیلاب آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دریائے راوی اور بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا نالوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے رود کوہی علاقوں میں فلیش فلڈنگ جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں اور تمام ضروری انتظامات بروقت یقینی بنائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ حکام کو نشیبی علاقوں اور دریا کے کنارے آباد آبادیوں کی بروقت منتقلی، فلڈ ریلیف کیمپوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔