ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں برس 15 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ شہریوں نے پولیس خدمت مراکز سے مختلف سہولیات حاصل کیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 6 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی، جبکہ 3 لاکھ 13 ہزار سے زیادہ شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔
اسی طرح 3 لاکھ 59 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری رجسٹریشن کی سہولت سے فائدہ اٹھایا، جبکہ 55 ہزار 107 افراد نے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس حاصل کیے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کمزور اور مستحق طبقات کے لیے جاری اقدامات کے تحت 42 ہزار سے زیادہ افراد کو قانونی اور سماجی معاونت فراہم کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق 13 ہزار 707 شہریوں نے گاڑیوں کی ویریفیکیشن کروائی، جبکہ 34 ہزار 898 افراد نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج کرایا۔ مزید برآں 1327 شہریوں نے جرائم رپورٹ رجسٹریشن کی سہولت استعمال کی۔
ترجمان کے مطابق 74 ہزار سے زائد شہریوں کو ایف آئی آر کی نقول فراہم کی گئیں جبکہ خواتین پر تشدد سے متعلق 23 رپورٹس بھی درج ہوئیں۔ اسی دوران 65 ہزار 226 افراد نے ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) مکمل کروائی، جبکہ 950 شہریوں نے نجی ملازمت کے لیے پولیس ویریفیکیشن حاصل کی۔
آئی جی پنجاب عبداکریم نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز عوامی سہولیات کی فراہمی کا ایک اہم فلیگ شپ منصوبہ ہیں، جہاں شہریوں کو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خدمت مراکز، تھانوں اور دیگر عوامی مقامات پر شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستہ رویہ اپنایا جائے۔