پنجاب کے ہر ضلع میں اسپیشل روڈ مینٹیننس سکواڈ قائم کرنے کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ہر ضلع میں اسپیشل روڈ مینٹیننس سکواڈ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو سڑکوں کی دیکھ بھال، صفائی اور مرمت کے امور کی نگرانی کرے گا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ نئے روڈ مینٹیننس سکواڈ کو سڑکوں کا روزانہ معائنہ کرنے، صفائی برقرار رکھنے، ٹوٹ پھوٹ کی نشاندہی اور مرمت کے کام کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

مریم نواز نے مخصوص شہری سڑکوں پر کیٹ آئیز نصب کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے سڑکوں کی پائیداری اور بہتر ظاہری شکل کے لیے تھرموپلاسٹک روڈ مارکنگز استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے شہر اور تحصیل کے داخلی راستوں پر روایتی کنکریٹ کے گیٹ تعمیر نہ کرنے کا حکم دیا، جبکہ ہر شہر کے داخلی مقام پر سرسبز پلاٹ میں شہر کا نام نمایاں انداز میں درج کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے بعض اہم سڑکوں کے ساتھ موجود بجلی کے کھمبوں کو مناسب روشنی اور خوبصورت انداز میں روشن یا سجانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کے مطابق فوڈ سٹریٹس کو باقاعدہ اور علیحدہ تجارتی زونز کے طور پر منصوبہ بندی کے ساتھ تیار کیا جائے۔

انہوں نے صوبے کی تمام سبزی منڈیوں میں صفائی، آسان رسائی، ٹریفک مینجمنٹ اور منظم کاروباری سرگرمیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

مریم نواز نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے منظور شدہ ڈیزائن، معیاری تعمیراتی مواد اور تکنیکی اصولوں کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ اس کے ساتھ تمام اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر مناسب میڈین ڈیزائن اور لینڈ اسکیپنگ بھی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے سڑکوں کے درمیان غیر ضروری کنکریٹ اسٹرکچرز اور بغیر پلانٹر کے ڈیزائن سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں جاری منصوبوں کی رفتار، معیار، لاگت، دائرہ کار اور عملی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کے لیے مؤثر نظام موجود ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سڑکوں پر درست روڈ مارکنگ، لین مارکنگ، ٹریفک سائنز اور رہنمائی کے نشانات نصب کیے جائیں اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے۔ تمام روڈ سیفٹی اقدامات منظور شدہ تکنیکی معیار کے مطابق ہونے چاہییں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اضلاع کے داخلی راستوں کا ڈیزائن جدید اور عصری طرز پر ہونا چاہیے، جبکہ چین کے شہروں کے داخلی راستوں سے بھی ڈیزائن کے حوالے سے رہنمائی لی جاسکتی ہے۔ تحصیلوں کے داخلی دروازوں کے لیے بھی منظور شدہ ڈیزائن کے بنیادی تصور کو مقامی ضرورت کے مطابق معمولی تبدیلی کے ساتھ اپنانے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لائٹنگ کا نظام توانائی مؤثر، مضبوط، محفوظ اور آسانی سے قابلِ مرمت ہونا چاہیے، جبکہ فوڈ سٹریٹس میں مناسب انفراسٹرکچر کے ساتھ صفائی، پارکنگ اور ٹریفک کی سہولیات بھی دستیاب ہونی چاہییں۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔