محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ چند روز کے دوران موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسمی ماہرین کے مطابق آج اور کل راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد، چنیوٹ، لاہور، پتوکی، قصور، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور بہاولنگر سمیت پنجاب کے شمالی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 اور 31 مئی کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بارشوں کی شدت اور دائرہ کار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق 30 مئی سے 5 جون تک لاہور، راولپنڈی، گوجر خان، سرگودھا، پتوکی، بہاولنگر، اوکاڑہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ اور خانیوال سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے تیز بارش کا امکان موجود ہے۔