قربانی کے 9 بکرے بس کی ڈگی میں دم گھٹنے سے ہلاک

عیدالاضحیٰ سے قبل پنجاب میں جانوروں کی منتقلی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں صادق آباد سے سیالکوٹ لے جائے جانے والے 9 قربانی کے بکرے سفر کے دوران ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جانوروں کو ایک مسافر کوچ کے سامان رکھنے والے حصے میں منتقل کیا جا رہا تھا۔ بس جب ترنڈہ سوائے خان کے قریب پہنچی تو ڈگی کھولنے پر تمام بکرے مردہ حالت میں ملے، جس پر موقع پر موجود افراد میں تشویش پھیل گئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق شدید گرمی، ہوا کی ناکافی فراہمی اور بند جگہ میں طویل سفر جانوروں کی ہلاکت کی ممکنہ وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔

واقعے کے بعد شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے جانوروں کی غیر محفوظ ٹرانسپورٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور محفوظ نقل و حمل کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق قربانی کے جانوروں کو طویل فاصلے تک منتقل کرتے وقت مناسب ہوا، پانی اور کھلی جگہ فراہم کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔