بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو 3 ماہ قید کی سزا

دہلی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو تقریباً 9 کروڑ روپے مالیت کے چیک باؤنس کیس میں سزا سناتے ہوئے تین ماہ قید کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے زیرِ سماعت ساتوں مقدمات میں الگ الگ تین ماہ قید کی سزا سنائی، جبکہ ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق راجپال یادو ہر کیس میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ چار لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ ریاستی خزانے میں 25 ہزار روپے جمع کرائیں گے۔ اسی طرح ان کی اہلیہ رادھا یادو کو بھی ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 5 لاکھ 51 ہزار 380 روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اداکار کی جانب سے پہلے ہی جمع کرائی گئی تقریباً 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کی رقم بقایا ادائیگی میں شامل تصور کی جائے گی۔

سماعت کے دوران عدالت نے دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کرانے کی کوشش بھی کی۔ شکایت کنندہ نے معاملہ 6 کروڑ روپے میں نمٹانے کی پیشکش کی، تاہم راجپال یادو نے اس پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ پہلے ہی مالی مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں، اپنی جائیداد فروخت کر چکے ہیں اور قابلِ ذکر رقم ادا بھی کر چکے ہیں۔

یہ قانونی تنازع 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم “اتا پتا لاپتا” کی تجارتی ناکامی کے بعد پیدا ہونے والے مالی معاملات سے شروع ہوا، جو بعد ازاں تقریباً 9 کروڑ روپے کے واجبات تک جا پہنچا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ چیک باؤنس سے متعلق مالی ذمہ داریاں سزا پوری ہونے کے بعد بھی برقرار رہیں گی۔