وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا نواز شریف اسکول آف ایمیننس منصوبے کے آغاز کو صوبے کے تعلیمی شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نواز شریف اسکول آف ایمیننس منصوبے کے آغاز کو صوبے کے تعلیمی شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں معیاری اور مفت تعلیم کی فراہمی کے وعدے پر عملی کام شروع ہو چکا ہے۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف ڈویژنز میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس باقاعدہ طور پر فعال ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق افتتاحی تقریب میں ایک طالب علم کے ذریعے منصوبے کا آغاز کروا کر وزیراعلیٰ نے تعلیم دوست سوچ کا اظہار کیا۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا گیا ہے اور اسے جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اسکولوں میں جدید کلاس رومز، روبوٹکس لیبز، سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز، اسٹیم (STEM) سہولیات اور دیگر جدید تعلیمی وسائل فراہم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو معیاری ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ مستقبل میں اس منصوبے کو مزید وسعت دینے کا بھی ارادہ ہے۔ ان کے مطابق ہر سال لاکھوں طلبہ ان اداروں میں بغیر فیس کے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ان تعلیمی اداروں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں جدید انفراسٹرکچر، اعلیٰ تربیت یافتہ اساتذہ اور معیاری سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کی گئی ہیں، جہاں مختلف معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچے یکساں ماحول میں تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت یہ منصوبہ مکمل طور پر اپنے وسائل سے قائم کرتی تو اس پر اربوں روپے خرچ ہوتے، تاہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کے ذریعے قومی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر سکا۔
رانا سکندر حیات کے مطابق داخلہ ٹیسٹ میں بڑی تعداد میں طلبہ کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ والدین کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں ایسے جدید اور معیاری تعلیمی اداروں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے بہترین تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔