صبا حمید اور وسیم عباس میں 29 سال بعد طلاق

پاکستان شوبز کے سینئر اداکار وسیم عباس نے حالیہ گفتگو میں اداکارہ صبا حمید سے اپنی شادی کے خاتمے اور طلاق کی وجوہات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران وسیم عباس نے بتایا کہ ان کی صبا حمید کے ساتھ دوسری شادی تقریباً 29 برس تک قائم رہی، تاہم بعد ازاں دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

انہوں نے کہا کہ طلاق کو ہمیشہ منفی انداز میں نہیں دیکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق وہ آج بھی صبا حمید کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ وہ ہمیشہ خوش و خرم رہیں۔

وسیم عباس کا کہنا تھا کہ ازدواجی زندگی میں اختلافات پیدا ہونے کی صورت میں ضروری نہیں ہوتا کہ ایک فریق مکمل طور پر درست اور دوسرا غلط ہو۔ بعض اوقات دونوں افراد اپنے اپنے نقطۂ نظر سے درست ہوتے ہیں، لیکن حالات ایسے بن جاتے ہیں کہ علیحدگی ہی بہتر فیصلہ محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر میاں بیوی باہمی احترام کے ساتھ الگ ہونے کا فیصلہ کریں تو اس میں کوئی قباحت نہیں۔ ان کے مطابق ان دونوں کی مشترکہ اولاد نہیں تھی کیونکہ شادی کے آغاز ہی میں یہ فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ مزید بچوں کی ضرورت نہیں، کیوں کہ پہلی شادیوں سے دونوں کے بچے موجود تھے۔

اداکار نے بتایا کہ تقریباً تین دہائیوں تک ساتھ رہنے کے بعد وقت کے ساتھ ان کے درمیان وہ جذبات برقرار نہ رہ سکے جو ایک مضبوط ازدواجی رشتے کے لیے ضروری ہوتے ہیں، اسی لیے دونوں نے اپنی راہیں جدا کر لیں۔

وسیم عباس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کے اور صبا حمید کے درمیان آج بھی احترام کا رشتہ موجود ہے۔ اگر مستقبل میں کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ بلا جھجھک ایک ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔